بین الاقوامیخبریں
ایران اور اسرائیل آمنے سامنے، تہران میں 224 ہلاکتیں – نیتن یاہو: جنگ ایٹمی صلاحیت کے خاتمے تک جاری رہے گی
ایران اور اسرائیل کے درمیان چوتھے روز بھی جاری رہنے والا براہِ راست تصادم ایک خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس نے خطے کو بڑے پیمانے پر جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ ایرانی شہروں پر اسرائیلی حملوں میں سینکڑوں شہری ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ایران نے بھی تل ابیب اور حیفا جیسے اہم مقامات پر جوابی حملے کیے ہیں۔ دونوں فریق سخت بیانات اور شدید کارروائیوں کے ذریعے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، اور امریکی ثالثی کی کوششوں کے باوجود کشیدگی میں کمی کا کوئی فوری امکان نظر نہیں آ رہا۔
اس صورتحال سے نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی امن و سلامتی کو بھی شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں، اور اگر سفارتی حل نہ نکالا گیا تو یہ تصادم ایک وسیع تر اور طویل جنگ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
ایران پر اسرائیل کا نیا حملہ
اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کی فورسز اس وقت ایران کے وسطی علاقے میں زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے حملہ کر رہی ہیں۔
اسرائیل میں امریکی سفارت خانہ آج بند رہے گا
امریکی سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج پیر کے روز اپنے دروازے بند رکھے گا۔ اس فیصلے کا اطلاق یروشلم (القدس) اور تل ابیب میں قائم دونوں قونصل خانوں پر بھی ہو گا۔
سفارت خانے نے اپنے بیان میں مزید کہا:
“ہم اس وقت ایسی صورت حال میں نہیں ہیں کہ امریکی شہریوں کا انخلا کر سکیں یا ان کی روانگی میں براہِ راست مدد فراہم کر سکیں۔”



