Uncategorizedخبریںریاستی

حضرت عثمانؓ کی سخاوت اور تقویٰ امت کے لیے مشعلِ راہ

مسجد انجمن خادم المسلمین کاچی گوڑہ میں ہفتہ واری اجتماع سے ڈاکٹرسیدحبیب امام قادری کاخطاب


حیدرآباد،15؍جون(پریس نوٹ) مسجد انجمن خادم المسلمین، کاچی گوڑہ میں ہفتہ واری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید حبیب امام قادری نے فرمایا کہ خلیفۂ سوم، سیدنا حضرت عثمان بن عفانؓ کی سیرت طیبہ امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان غنیؓ کو رسول اللہ ﷺ نے جنت میں اپنا رفیق قرار دیا ہے، جیسا کہ حضرت طلحہ بن عبید اللہؓ کی روایت میں ہے: ’’ہر نبی کا ایک رفیق ہوتا ہے اور میرا رفیق جنت میں عثمانؓ ہے۔‘‘ (ترمذی شریف)

ڈاکٹر قادری نے مزید فرمایا کہ حضرت ابو سعید خدریؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے پوری رات حضرت عثمانؓ کے

لیے دعا میں ہاتھ اٹھائے رکھے اور فرمایا:’’اے اللہ! میں عثمانؓ سے راضی ہوں، تو بھی ان سے راضی ہو جا۔‘‘ (البدایہ والنہایہ)حضرت عائشہ صدیقہؓ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حضرت عثمانؓ امت میں سب سے زیادہ صلہ رحمی کرنے والے اور اللہ سے ڈرنے والے تھے۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا قول بھی نقل کیا کہ: ’’حضرت عثمانؓ کو ملاءِ اعلیٰ میں ذوالنورین کے لقب سے پکارا جاتا ہے اور وہ ہم سب سے افضل تھے۔

‘‘حضرت عثمانؓ کی سخاوت کے واقعات بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر قادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں بے پناہ مال عطا فرمایا، جسے وہ اللہ کی راہ میں خرچ کرتے تھے۔ اسی سبب نبی کریم ﷺ نے انہیں ’’غنی‘‘ کا لقب عطا فرمایا۔ انہوں نے واقعہ بیر رومہ کا ذکر کیا کہ مدینہ میں جب پینے کے پانی کی قلت تھی، تو حضرت عثمانؓ نے بارہ ہزار درہم میں ایک یہودی سے کنویں کا نصف حصہ خرید کر عام مسلمانوں کے لیے وقف کر دیا۔

بعد ازاں، یہودی نے پورا کنواں بھی حضرت عثمانؓ کو فروخت کر دیا، جو مکمل طور پر امت کے لیے وقف کر دیا گیا۔اسی طرح مسجد نبویؐ کی توسیع کے لیے جب نبی اکرم ﷺ نے زمین خریدنے کی ترغیب دی، تو حضرت عثمانؓ نے بیس یا پچیس ہزار درہم میں زمین خرید کر مسجد کے لیے وقف کر دی۔اجتماع کے اختتام پر فلسطین اور ایران کے مظلوم مسلمانوں اور مجاہدین کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ محمد اکرام الدین مرتضیٰ پاشاہ سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button